ٹرمپ کی ایرانی حکام سے ملاقات کی خواہش، اقوام متحدہ اجلاس میں بڑی پیش رفت کے امکانات

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں سے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں موجود ایرانی حکام سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، تاہم ممکنہ ملاقات کو حالات سازگار ہونے سے مشروط کیا گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق معاملے سے واقف ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرمپ ایرانی وفد سے ملاقات کے خواہشمند ہیں، تاہم فی الحال ایسی کوئی ملاقات طے نہیں ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق ممکنہ ملاقات میں ٹرمپ کے ساتھ نیویارک میں موجود اعلیٰ امریکی مشیر بھی شریک ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کہا ہے کہ واشنگٹن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر ایرانی وفد سے بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم ملاقات کا ابھی کوئی حتمی شیڈول نہیں بنایا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن میں یہ سوال بھی زیر بحث ہے کہ نیویارک میں موجود ایرانی حکام کو مذاکرات کے حوالے سے تہران کی قیادت کی جانب سے کس حد تک اختیار حاصل ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنے والے ایرانی وفد میں شامل ہیں۔ سی این این کے مطابق پزشکیان کی ٹرمپ سے ممکنہ ملاقات کے امکانات بھی زیر بحث رہے ہیں۔
مارکو روبیو کے مطابق اگر ایرانی حکام سے بات چیت ہوتی ہے تو امریکی انتظامیہ کی بنیادی ترجیح یہ یقینی بنانا ہوگی کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔ ادھر امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ مائیک والٹز نے بھی کہا ہے کہ ٹرمپ بات چیت کے لیے تیار رہتے ہیں، تاہم اہم سوال یہ ہے کہ ایران کی جانب سے کون مذاکرات کرے گا اور آیا تہران اس ملاقات پر آمادہ ہوگا۔
تازہ صورتحال میں ایران اور امریکا کی جانب سے مذاکرات کی بحالی کے امکانات کے اشارے بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے صدور کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں موجودگی نے ممکنہ سفارتی رابطے کی بحث کو مزید اہم بنا دیا ہے۔



