عمران خان کی اسپتال منتقلی کا وقت آگیا؟شفا انٹرنیشنل کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، انہیں آج ہی اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ اسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے اطراف سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ اطراف میں موجود گاڑیوں کو لفٹرز کے ذریعے ہٹایا جارہا ہے۔ اسپتال کے اطراف سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
عمران خان کے علاج کیلئے اسپتال میں خصوصی طبی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اسپتال پہنچنے کے بعد ایمرجنسی میں طبی معائنہ کرایا جائے گا، جس کیلئے 6 ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ان کا چیک اپ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز کی ٹیم فیصلہ کرے گی کہ عمران خان کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ اگر انہیں ایڈمٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس حوالے سے بھی خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کا اہم حکم
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتی حکم کے بعد عمران خان کی ممکنہ اسپتال منتقلی کیلئے انتظامات تیز کیے گئے ہیں، جبکہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے اطراف سیکیورٹی کی صورتحال بھی غیر معمولی طور پر سخت کردی گئی ہے۔
اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیا عمران خان آج اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل ہوجائیں گے؟ اور طبی ماہرین کے معائنے کے بعد ان کے اسپتال میں داخلے کے حوالے سے کیا فیصلہ سامنے آتا ہے۔



