بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے کلی سوران میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر بڑی دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سکیورٹی فورسز نے جدید ٹیکنالوجی اور اسلحے کی مدد سے دہشت گردوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا، کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں سے 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں، آئی ای ڈی ڈیوائس اور کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی برآمد ہوا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد مقامی افراد سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ سمیت خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button