ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر نے اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنی میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے،سی این این کا دعویٰ

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)امریکی خبر رساں ادارے سی این این نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر نے ایک اسرائیلی کمپنی کے ذریعے اسرائیل کی اسلحہ ساز کمپنی میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ جب کہ دوسری جانب وہ مشرق وسطیٰ میں مذاکرات کار کا کردار بھی نبھا رہے ہیں۔
سی این این کے مطابق جیرڈ کُشنر کی کمپنی نے ایک ایسی اسرائیلی کمپنی میں بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے جس نے اپنا سرمایہ اسرائیل کی سب سے بڑی اسلحہ ساز کمپنی ایلیت سسٹمز میں لگا رکھا ہے۔
سی این این کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق جیرڈ کشنر کی سرمایہ کار کمپنی افینیٹی پارٹنرز نے پچھلے سال اسرائیلی کمپنی فینکس میں اپنی سرمایہ کاری دُگنی کر دی۔
اسرائیلی کمپنی فینکس نے اسرائیل کی سب سے بڑی اسلحہ ساز کمپنی ایلبیت سسٹمز میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ اسرائیلی کمپنی فینکس نے اسرائیلی فوج کو ڈرون سمیت متعدد جنگی آلات فراہم کرنے والی مزید آٹھ کمپنیوں میں بھی بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
سی این این کے مطابق جیرڈ کُشنر مشرق وسطیٰ میں ایک اہم مذاکرات کار ہیں اور دوسری جانب انھوں نے اسرائیلی دفاعی صنعت میں بھاری سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے جو مفادات کا واضح تصادم ہے۔



