پاکستان کاشام کے حق میں بڑا اعلان!شہباز شریف نے خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کردیا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان اور شام کے درمیان سفارتی تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، وزیراعظم شہباز شریف سے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، دفاعی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور شام کے درمیان تعلقات تاریخی اور گہرے ہیں، جنہیں عملی تعاون اور مشترکہ منصوبوں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

گولان کی پہاڑیوں پر پاکستان کا دوٹوک مؤقف

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرے گا۔ انہوں نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا، جبکہ پاکستان سے شام جانے والے بڑی تعداد میں زائرین کو بھی اس سہولت سے فائدہ پہنچے گا۔

شامی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے شامی صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور شام کی موجودہ سیاسی صورتحال اور تعمیر نو کی کوششوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

شام کا پاکستان سے تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

شامی وزیر خارجہ نے گزشتہ برسوں کے دوران شام کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ شام کی حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ براہِ راست فضائی رابطوں کی بحالی کو دونوں ممالک کے عوامی روابط اور اقتصادی سرگرمیوں کیلئے اہم قرار دیا گیا۔

پاک شام رابطوں میں ہونے والی تازہ پیش رفت کو خطے میں بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے، جبکہ شامی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سمت دینے کی اہم کوشش سمجھی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button