روزگار کا بحران یا بیرون ملک مواقع؟ صرف 2 ماہ میں 66 ہزار سے زائد پاکستانی ملک چھوڑ گئے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) روزگار کے حصول کے لیے پاکستانیوں کے بیرون ملک جانے کا سلسلہ جاری ہے، بیورو آف امیگریشن کے مطابق صرف دو ماہ کے دوران 66 ہزار 815 پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک روانہ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اگست 2026 میں 27 ہزار 656 پاکستانی ملازمت کی تلاش میں بیرون ملک گئے، جبکہ جولائی میں بیرون ملک جانے والے پاکستانی ورکرز کی تعداد 39 ہزار 159 رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 11 ہزار 503 افراد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب اگست میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ نے 5 ہزار 169 بلاسود قرضے جاری کیے، جن کی مجموعی مالیت 38 کروڑ 10 لاکھ روپے رہی۔ یہ قرضے چھوٹے کاروبار، خود روزگار اور مالی شمولیت کے لیے فراہم کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق 2019 سے اب تک بلاسود قرضوں کی مجموعی تقسیم 127 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔بیورو آف امیگریشن کے مطابق حکومت کی جانب سے رہائشی اور زرعی فنانسنگ کے مواقع بھی بڑھائے جا رہے ہیں، جن کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو معاشی مواقع تک رسائی فراہم کرنا ہے۔



