ماتلی میں بجلی چوری کے خلاف آپریشن،بل دینے والے صارفین96گھنٹے سے بجلی سے محروم

ماتلی (رپورٹ: اے۔ایم۔گدی/جانو ڈاٹ پی کے)ماتلی میں بجلی چوری کے خلاف جاری کارروائی کے دوران باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین بھی شدید مشکلات کا شکار ہوگئے۔ احسان شاہ کالونی سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمرز کے جمپر اتارے جانے کے باعث بجلی کی فراہمی گزشتہ 96 گھنٹوں سے معطل ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جبکہ دوسری جانب مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر ڈائریکٹ لائنوں کے ذریعے بجلی استعمال کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، ان کے گھروں اور کاروباری مراکز پر میٹر نصب ہیں اور وہ قانونی طریقے سے بجلی استعمال کررہے ہیں، اس کے باوجود ایسے ٹرانسفارمرز کی بجلی بند کردی گئی جہاں بل ادا کرنے والے صارفین کی بڑی تعداد موجود ہے۔

شہریوں کے مطابق بجلی کی بحالی اور شکایات کے ازالے کیلئے حیسکو دفاتر کے چکر لگانے کے باوجود متعلقہ افسران اور عملہ دستیاب نہیں ہوتا، جبکہ سرکاری فون نمبرز پر رابطہ نہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آرہی ہیں۔

عوامی حلقوں نے حیسکو کی بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے طریقہ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مقصد بجلی چوری کا خاتمہ ہے تو ڈائریکٹ لائنوں کے ذریعے بجلی استعمال کرنے والوں کے خلاف انفرادی اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے، نہ کہ قانونی صارفین کو بھی بجلی کی سہولت سے محروم رکھا جائے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے بعض علاقوں میں مبینہ ڈائریکٹ لائنوں کے ذریعے بجلی کے استعمال کی شکایات کے باوجود کارروائی کا زیادہ اثر ان علاقوں پر پڑ رہا ہے جہاں میٹر نصب ہیں اور صارفین باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں۔

مقامی حلقوں کے مطابق چند روز قبل ایکسپریس فیڈر پر ایف آئی اے کی جانب سے بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے بعد بھی ماتلی میں جاری مہم کے طریقہ کار پر مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر قانونی صارفین کو مسلسل بجلی کی بندش، حیسکو دفاتر تک رسائی نہ ملنے اور شکایات کے ازالے میں تاخیر کا سامنا رہا تو متعدد صارفین حیسکو کی بجلی سے بددل ہوکر مکمل طور پر سولر نظام کی جانب منتقل ہونے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔

شہریوں نے حیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ احسان شاہ کالونی سمیت بجلی سے محروم علاقوں میں فوری بجلی بحال کی جائے، ڈائریکٹ لائنوں کے حوالے سے سامنے آنے والی شکایات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور یہ واضح کیا جائے کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو بجلی سے محروم رکھنے کی پالیسی کیا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ صورتحال پر حیسکو کے متعلقہ حکام کا مؤقف بھی سامنے لایا جائے تاکہ عوام میں پائے جانے والے خدشات اور سوالات کا ازالہ ہوسکے۔

مزید خبریں

Back to top button