واٹس ایپ کا نیا فیچرمتعارف،اینڈرائیڈ صارفین اب اسٹیٹس ڈبل رفتار سے دیکھ سکیں گے

 لندن(جانوڈاٹ پی کے)واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے سٹیٹس اپ ڈیٹس ڈبل سپیڈ پر دیکھنے کا نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین سٹیٹس آدھے وقت میں دیکھ سکیں گے۔

ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق اس فیچر کو گوگل پلے سٹور پر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.40.4 میں دیکھا گیا ہے۔ فی الحال یہ سہولت بعض بیٹا صارفین کو فراہم کی گئی ہے، جبکہ آنے والے ہفتوں میں مزید صارفین تک اس کی رسائی متوقع ہے۔

نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو سٹیٹس اسکرین کے دائیں جانب انگلی دبا کر رکھنا ہوگی، جس سے پلے بیک کی رفتار فوری طور پر دوگنا ہو جائے گی۔ انگلی ہٹاتے ہی رفتار دوبارہ معمول پر آ جائے گی۔

یہ رفتار صرف انگلی دبائے رکھنے تک برقرار رہے گی اور ہر سٹیٹس کے دوران اسے بار بار استعمال کیا جا سکے گا۔ صارفین کو اس کے لیے کوئی مستقل سیٹنگ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق آڈیو کے ساتھ سٹیٹس اپ ڈیٹس کا دورانیہ 30 سیکنڈ تک ہو سکتا ہے، جس کے باعث زیادہ کانٹیکٹس کے سٹیٹس دیکھنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ نیا فیچر صارفین کو کم وقت میں زیادہ سٹیٹس دیکھنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

یہ فیچر گزشتہ ماہ آئی فون صارفین کے لیے بھی متعارف کرائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اس کی فراہمی شروع کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button