پاکستان میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کا جوہری سلامتی سے متعلق مشن مکمل

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کا انٹرنیشنل فزیکل پروٹیکشن ایڈوائزری سروس مشن مکمل ہوگیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آئی اے ای اے کا آئی پی پی اے ایس مشن حکومت پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
ترجمان کے مطابق آئی پی پی اے ایس مشن کی میزبانی پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے کی، ماہرین کی ٹیم نے جوہری سلامتی سے متعلق قومی قانونی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کا جائزہ لیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق آئی اے ای اے کی ٹیم نے کے اے این یو پی پی ڈیکمیشننگ پروجیکٹ کا دورہ کیا اور سابق کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ ون کا بھی جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق آئی اے ای اے مشن ٹیم نے جائزے کے دوران پاکستان کے تعاون، شفافیت اور پیشہ ورانہ طرز عمل کو سراہا۔
دفتر خارجہ کے مطابق مشن ٹیم لیڈر نے پاکستان کے جوہری سلامتی نظام اور اس کے عملی اطلاق کے جائزے کو انتہائی مفید قرار دیا ہے۔
آئی اے ای اے حکام کے مطابق پاکستان میں پہلے آئی پی پی اے ایس مشن کی تکمیل جوہری سلامتی نظام کو مزید بہتر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین پی این آر اے کے مطابق پاکستان جوہری تنصیبات کی حفاظت اور سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے۔
چیئرمین کے مطابق پاکستان عالمی جوہری سلامتی کے نظام میں اپنی مہارت کے ذریعے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، پاکستان جوہری ٹیکنالوجی کے محفوظ، پُرامن اور ذمہ دارانہ استعمال کے لیے عالمی تعاون جاری رکھے گا۔



