مٹھی: گوچر زمین پر مبینہ قبضے، درختوں کی کٹائی اور مال مویشی کے مسائل کے خلاف احتجاج

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی کے قریب گاؤں آنبو بھیل کی ڈھانی کے رہائشیوں نے بااثر افراد کی مبینہ زیادتیوں، گوچر زمین پر قبضے، درختوں کی کٹائی اور مال مویشی کے حوالے سے مسائل کے خلاف کشمیر چوک مٹھی پر کامریڈ چیتن بھیل کی قیادت میں احتجاج کیا۔

احتجاج میں لالچند بھیل، موتی رام بھیل، تھانو بھیل، ہاتھی بھیل، گھمن بھیل، جنہور بھیل، بھمرو بھیل، گومندو بھیل، سردار بھیل اور منٹھار بھیل سمیت بڑی تعداد میں علاقہ مکین شریک ہوئے۔

مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ گاؤں کاک جوڻيجا کے بعض بااثر افراد، جن میں بادل جوڻيجو، جیئڻ جوڻيجو اور ساجن جوڻيجو سمیت دیگر شامل ہیں، نے مبینہ طور پر اسلحہ کے زور پر ان کی سروے زمین سے ملحقہ گوچر زمین پر قبضہ کرکے درختوں کی کٹائی کی اور وہاں فصل کاشت کرلی، جس کے باعث مال مویشیوں کے گزرنے کا راستہ بھی بند ہوگیا ہے۔

مظاہرین کے مطابق مال مویشیوں کے چرواہوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جبکہ ان کے مویشی ہانک کر لے جانے اور گم کرنے کے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ علاقہ مکینوں کو مبینہ طور پر اسلحہ کے زور پر دھمکایا اور ہراساں کیا جاتا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ معاملے کے حوالے سے مقامی انتظامیہ کو درخواست بھی دی جاچکی ہے، تاہم تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر، ایس ایس پی تھرپارکر اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، مبینہ قبضہ اور زیادتیوں کا خاتمہ، گوچر زمین بحال اور متاثرہ خاندانوں کو تحفظ و انصاف فراہم کیا جائے۔

بعد ازاں ایس ایچ او تھانہ مٹھی نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور انہیں معاملے کے حل کے لیے یقین دہانی کرائی، جس کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button