پیرس میں شدید گرمی کی لہر، پنکھوں اور اے سی کی خریداری میں غیر معمولی اضافہ

پیرس(جانوڈاٹ پی کے)فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث شہری گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے برقی پنکھے اور اے سی خریدنے کے لیے دکانوں کا رخ کر رہے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق آج صبح پیرس کے ایک الیکٹرانکس اسٹور پر صارفین کی بڑی تعداد دیکھی گئی جو برقی پنکھوں کے ڈبے اٹھائے ہوئے تھے۔
فلم ساز وکٹوریہ یاکوبوف نے بتایا کہ ’میں نے صبح کافی بھی نہیں پی اور فوراً یہاں آئی تاکہ پنکھا خرید سکوں‘۔ ان کے مطابق، صرف 30 منٹ سارے پنکھے فروخت ہوگئے تھے۔
الیکٹرانکس اسٹور کے سیلز ہیڈ خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جب سے گرمی کی لہر شروع ہوئی ہے پنکھوں اور ائیر کنڈیشنرز کی طلب میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
فرانسیسی محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی توقع ہے۔



