ایران سے عراق جانے والاواحدزمینی راستہ الشیب بارڈر بند،پاکستانی زائرین کیلئے اہم ہدایت جاری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارت مذہبی امور نے ایران میں موجود پاکستانی زائرین کو خبردار کیا ہے کہ ایران سے عراق جانے کا واحد زمینی راستہ الشیب بارڈر 21 اکتوبر سے آمدورفت کے لیے بند ہے، لہٰذا زائرین سفر کی منصوبہ بندی کرتے وقت نئی ہدایات کا خیال رکھیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق الشیب بارڈر سے مسافروں، گاڑیوں اور تجارتی سامان کی آمدورفت تاحکم ثانی معطل رہے گی۔ اس صورتحال میں ایران میں موجود پاکستانی زائرین فی الحال بغداد اور نجف کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے ذریعے عراق جا سکتے ہیں۔
ترجمان نے پاکستانی زائرین کو ہدایت کی ہے کہ ایران کے راستے عراق روانگی سے قبل تازہ سفری ہدایات ضرور دیکھیں، جبکہ زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ زائرین کو بارڈر کی بندش سے فوری طور پر آگاہ کریں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق الشیب بارڈر بند ہونے کے باعث زائرین متبادل زمینی راستہ استعمال نہیں کرسکتے۔ اس لیے سفر شروع کرنے سے پہلے اپنے متعلقہ زیارت گروپ آرگنائزر سے تازہ صورتحال کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔



