پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں جدید طبی مشینری کی خریداری کیلئے ایک ارب10کروڑ روپے کے فنڈزمنظور

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب حکومت نے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں تشخیصی سہولیات کو جدید بنانے کے لیے تین بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت لاہور اور راولپنڈی کے ہسپتالوں میں جدید سی ٹی اسکین مشینیں خریدی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں کارڈیک اسکین کے لیے مکمل جسم کی ملٹی الٹرا فاسٹ سی ٹی اسکین مشین کی خریداری کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح لاہور کے جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں پرانی مشین کی جگہ نئی 128 سلائس سی ٹی اسکین مشین نصب کرنے کے لیے 30 کروڑ روپے جبکہ بے نظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں نئی 128 سلائس سی ٹی اسکین مشین کی خریداری کے لیے بھی 30 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔
سیکرٹری صحت پنجاب نے تینوں منصوبوں کی انتظامی منظوری دے دی ہے۔ حکومت پنجاب کے مطابق ان اقدامات کا مقصد عوام کو جدید تشخیصی سہولیات فراہم کرنا اور سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔



