جی ایچ کیو حملہ کیس؛انسداد دہشتگردی عدالت کا 12سزایافتہ اشتہاریوں کے ضمانتی مچلکے اور شورٹی بانڈز ضبط کرنے کا حکم


راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 12 سزا یافتہ اشتہاری مجرمان کے ضمانتی مچلکے اور شورٹی بانڈز ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ضامنوں کی جانب سے جمع کروائے گئے شوکاز نوٹسز کے جوابات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہر ضامن پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ فیصلے کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ضامنوں کو 6 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اے ٹی سی راولپنڈی میں زیرِ سماعت 9 مئی مقدمات کے دیگر اشتہاری ملزمان کے خلاف بھی کارروائی شروع کی جائے۔
رپورٹس کے مطابق جن افراد کے نام فیصلے میں شامل ہیں ان میں عمر ایوب، زرتاج گل، کنول شوزب، اشرف سوہنا، بلال اعجاز، راشد شفیق، احمد چٹھہ اور رائے حسن مرتضیٰ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 5 مئی کو عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جن میں سے 12 ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔