نواز آباد میں ایتھانول فیکٹری کے خلاف عوامی احتجاج

گھوٹکی(رپورٹر وجے کمار چاولہ/جانوڈاٹ پی کے)نواز آباد ماہی چوک میں مجوزہ ایتھانول فیکٹری کے قیام کے خلاف سینکڑوں شہریوں نے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کی قیادت ممتاز علی خان چانگ نے کی۔ مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر فیکٹری کی منظوری کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں پہلے ہی بجلی گرڈ اور لوہے کی فیکٹری کے نام پر زمین خریدی گئی تھی، لیکن اب ایتھانول فیکٹری لگانے کی اطلاعات نے شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لے اور عوام کے خدشات دور کرے۔
ایم پی اے ممتاز علی خان چانگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجوزہ فیکٹری سے ماحولیاتی آلودگی، بدبو اور زیرِ زمین پانی متاثر ہونے کا خطرہ ہے، جس سے بڑی آبادی متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی صحت اور مستقبل پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔مظاہرین نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور عوامی مفاد میں فیصلہ کریں۔ احتجاج میں شریک افراد نے واضح کیا کہ وہ ایسی کسی بھی صنعت کے قیام کے خلاف ہیں جو انسانی صحت اور ماحول کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔



