کاہنہ میں جعلی پیر گرفتار، خاتون سے مبینہ زیادتی اور فراڈ کے انکشافات

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) کاہنہ پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلی پیر کو گرفتار کر لیا ہے، جس پر خاتون سے مبینہ زیادتی اور فراڈ کے سنگین الزامات ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم نے خود کو روحانی شخصیت (پیر) ظاہر کر کے متاثرہ خاتون کو ورغلا کر گھر میں تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر زیادتی کی اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم فاروق کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ جعلی پیر بن کر مختلف افراد کو مبینہ طور پر دھوکہ دیتا اور لوٹتا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کا کہنا ہے کہ جرائم میں ملوث عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں، اور ایسے واقعات میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



