آوارہ کتوں سے بچنے کی کوشش، نوبیاہتا جوڑا نہر میں جاگرا، دلہن جاں بحق


لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں آوارہ کتوں سے بچنے کی کوشش کے دوران موٹر سائیکل سوار نوبیاہتا جوڑا نہر میں جاگرا، حادثے کے نتیجے میں دلہن ساجدہ بگھیو ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ دولہے شعبان کو بچا لیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ تحصیل ڈوکری میں پیش آیا، جہاں پارک سے گھوم پھر کر واپس گھر جانے والے جوڑے کا موٹر سائیکل پر آوارہ کتوں نے پیچھا کیا۔
ذرائع کے مطابق کتوں سے بچنے کے لیے دولہے نے موٹر سائیکل تیز رفتاری سے نکالنے کی کوشش کی، تاہم توازن برقرار نہ رہنے کے باعث موٹر سائیکل نہر میں جاگری۔
حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے دولہے شعبان کو بچا لیا، تاہم ساجدہ بگھیو پانی میں ڈوبنے کے باعث جانبر نہ ہوسکیں۔
اہلِ علاقہ کے مطابق جوڑے کی چند روز قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ افسوسناک واقعے کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔