ڈپٹی کمشنر بدین کی ہاری کارڈ اسکیم میں شفافیت، شکایات کے فوری ازالے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے) ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوئے، جن میں ہاری کارڈ اسکیم کی رجسٹریشن، نگرانی اور شکایات کے ازالے سمیت ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام اور سرکاری نرخوں پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں ایس ایس پی قمر رضا جسکانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-I کاشف رضا منگی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II راجیش دلپت، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں، محکمہ زراعت (ایکسٹینشن)، سندھ بینک، بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز، مارکیٹ کمیٹی، میونسپل انتظامیہ، یوٹیلٹی کارپوریشن، محکمہ خوراک، فشریز، لائیو اسٹاک، پولٹری، محکمہ اطلاعات، صنعت اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی ہاری کارڈ سے متعلق اجلاس میں رجسٹریشن کے عمل میں پیش رفت، درخواست گزاروں کی تصدیق، مؤثر نگرانی اور کسانوں و اہل مستحقین کی شکایات کے ازالے کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں اور سندھ بینک کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کو مزید بہتر بنانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا ڈپٹی کمشنر زارا زاہد نے ہدایت کی کہ ہاری کارڈ اسکیم کی رجسٹریشن میں شفافیت برقرار رکھی جائے، درخواستوں کی بروقت تکمیل اور مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور حقیقی شکایات کا مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق فوری ازالہ کیا جائے، تاکہ اہل کسانوں کو بلاوجہ تاخیر اور دشواری کے بغیر اسکیم کے فوائد حاصل ہو سکیں انہوں نے سندھ بینک مینیجر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہاری کارڈ متعلق رپورٹ ہر ماہ باقادگی سے جمع کرائیں ایڈیشنل ڈائریکٹر زراعت رمیش کمار نے ہاری کارڈ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہاری کارڈ کے حصول کے لیے مجموعی طور پر 30 ہزار 813 فارم پُر کیے گئے، جن میں سے 27 ہزار 500 ہاری کارڈ تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 22 ہزار 700 کارڈ ضلع بدین کی سندھ بینک کی چار برانچوں کے ذریعے کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 2 ہزار 200 کارڈ سندھ بینک کی مختلف برانچوں میں موجود ہیں، جو کسانوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ بعض ہاری کارڈز میں معمولی نوعیت کی غلطیاں بھی سامنے آئی ہیں، جن کی درستگی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کی سہولت کے لیے محکمہ زراعت کی جانب سے ہر تحصیل میں ہاری کارڈ سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے شکایتی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں کسان اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں دوسری جانب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور فراہمی سے متعلق اجلاس میں ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام، بازاروں میں قیمتوں کی نگرانی، ضروری غذائی اشیاء کی دستیابی اور پرائس کنٹرول نظام کو مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بازاروں کے باقاعدہ معائنے کیے جائیں، سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں مستعدی اور دیانت داری سے ادا کرنے کی ہدایت بھی کی انہوں نے فلور ملز کے مینیجرز کو ہدایت کی کے وہ مل کی جانب سے سستے آٹے کے اسٹال لگائیں

مزید خبریں

Back to top button