پاکستان رواں مالی سال 4 فیصد معاشی ترقی حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان رواں مالی سال تقریباً 4 فیصد معاشی ترقی حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے، گزشتہ تین برس کے دوران سکڑاؤ کا شکار معیشت اب بحالی کی جانب گامزن ہے جبکہ گزشتہ مالی سال معاشی شرح نمو 3.7 فیصد رہی تھی۔

اٹلانٹک کونسل کے مائیکل کوگل مین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار اور زرعی شعبے، خصوصاً لائیو اسٹاک میں بھی بہتری کے آثار سامنے آرہے ہیں۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عالمی تنازعات اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملکی معیشت میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت مہنگائی، ترسیلات زر اور کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ کا توازن مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو قرض لینے والے ممالک کے پلیٹ فارم کی گورننگ کونسل کی سربراہی ملنا اہم پیشرفت ہے۔ اس پلیٹ فارم کا مقصد قرضوں کی تنظیم نو کے لیے لابنگ کرنے کے بجائے باہمی تعاون، تجربات کے تبادلے اور کامیاب پالیسیوں سے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ قرض لینے والے ممالک کی پہلی مشترکہ ورکشاپ مالدیپ میں منعقد ہوئی، جبکہ اگلی ورکشاپ جنوری میں مصر میں ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان یکم نومبر سے جی 24 کی سربراہی بھی سنبھالے گا، جس سے ترقی پذیر ممالک کے مسائل اور ضروریات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی اداروں کو زیادہ مؤثر، تیز رفتار اور بروقت معاونت فراہم کرنی چاہیے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی استحکام ضروری ہے، تاہم اصل ہدف سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کا حصول ہے۔ ماضی میں کھپت اور درآمدات پر مبنی ترقی کے باعث ادائیگیوں کے توازن کے مسائل پیدا ہوئے، اس لیے حکومت اب سرمایہ کاری اور برآمدات کے ذریعے معیشت کو مستحکم بنیادوں پر آگے بڑھانا چاہتی ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق برآمدکنندگان کے لیے ٹیکس میں رعایت، ٹیرف میں کمی اور کاروباری لاگت گھٹانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ حکومت عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بڑھانے کے لیے برآمدی شعبے کو سہولتیں فراہم کررہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button