گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات5دسمبر کو ہوں گے، انتخابی شیڈول جاری

گلگت (جانو ڈاٹ پی کے)گلگت بلتستان کے شہری علاقوں میں بلدیاتی انتخابات 5 دسمبر کو ہوں گے، لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ضروری ترامیم کے بعد انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کے مطابق انتخابات چار مراحل میں منعقد کیے جائیں گے اور انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 5 دسمبر کو گلگت، سکردو اور چلاس کے شہری علاقوں میں ووٹنگ ہوگی۔ اس مرحلے میں میونسپل کارپوریشن گلگت کی 42، سکردو کی 21 اور چلاس کی 13 نشستوں پر براہِ راست انتخاب ہوگا۔اعلان کردہ شیڈول کے مطابق میونسپل کارپوریشن گلگت میں خواتین کے لیے 7 مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ غیر مسلموں، نوجوانوں اور خصوصی افراد کے لیے ایک، ایک نشست رکھی گئی ہے۔اسی طرح میونسپل کارپوریشن سکردو میں خواتین کے لیے 4 مخصوص نشستیں ہوں گی، جبکہ غیر مسلموں، نوجوانوں اور خصوصی افراد کے لیے بھی ایک، ایک مخصوص نشست مختص کی گئی ہے۔چلاس میں خواتین کے لیے 2 مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں، جبکہ غیر مسلموں، نوجوانوں اور خصوصی افراد کے لیے ایک، ایک نشست مختص ہوگی۔چیف الیکشن کمشنر کے مطابق بلدیاتی انتخابات چار مراحل میں مکمل کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے کے بعد باقی مراحل کے تحت دیگر علاقوں میں انتخابات کرائے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button