مٹھی کی معروف سماجی شخصیت مکھی رانو مل لوہانہ82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) مٹھی کی معزز مکھی برادری سے تعلق رکھنے والی سماجی خدمات، سخاوت اور ہمدردی کے حوالے سے پہچانی جانے والی شخصیت مکھی رانو مل ولد مکھی لادھارام لوہانہ طویل علالت کے بعد 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے مٹھی شہر اور ان کے آبائی گاؤں مکھی جی تڑ میں غم اور سوگ کی فضا چھا گئی۔ مکھی رانو مل لوہانہ مٹھی میں ٹرانسپورٹر اور ڈرائیور کی حیثیت سے معروف تھے۔ ان کا خاندان کئی نسلوں سے گاؤں مکھی جی تڑ میں زمینداری اور مکھی کی حیثیت سے پہچانا جاتا رہا ہے۔ ان کے والد مکھی لادھارام بھی گاؤں کے مکھی تھے۔ مرحوم نے اپنی خاندانی روایات، سخاوت اور سماجی اقدار کو ہمیشہ برقرار رکھا۔ وہ کافی عرصہ قبل مٹھی میں آ کر آباد ہو گئے تھے، تاہم انہوں نے اپنے آبائی گاؤں کی زمینیں ہاریوں کے حوالے کر کے ان کے ساتھ اپنا تعلق اور خاندانی روایات برقرار رکھیں۔ مرحوم مکھی رانو مل سخاوت، انسان دوستی اور خدمتِ خلق کے جذبے کے باعث بھی مشہور تھے۔ گائے اور بیلوں کو چارہ کھلانا ان کے خاندان کی پرانی روایت تھی، جسے وہ شوق سے نبھاتے تھے۔ اس کے علاوہ معصوم بچوں کو عیدی اور خرچی دینا، ٹافیاں تقسیم کرنا اور غریب و مستحق افراد کی مدد کرنا ان کی نمایاں خوبیوں میں شامل تھا۔ مرحوم اپنے پیچھے ایک بڑا خاندان سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے صاحبزادے اپنے ذاتی کاروبار سے وابستہ ہیں، جبکہ ان کے ایک صاحبزادے مکھی کھٹاؤ مل مٹھی میونسپل کمیٹی کے کونسلر بھی ہیں اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہتے ہیں۔ مکھی رانو مل لوہانہ اپنی خوش اخلاقی، سخاوت، انسان دوستی اور خاندانی روایات کے باعث مٹھی شہر اور گاؤں مکھی جی تڑ کے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ان کے انتقال سے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوستوں اور جاننے والوں سے ایک شفیق اور ہمدرد شخصیت جدا ہو گئی ہے۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی آتما کو شانتی عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔



