مٹھی میں ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن، ہوٹلوں کے چھپرے،غیرقانونی دکانیں اور سڑک پر قائم تھڑے مسمار

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر ڈاکٹر عمیر اشرف نے آج شہر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہوٹلوں کے چھپرے، غیرقانونی دکانیں اور سڑک پر قائم تھڑے ہٹا کر مسمار کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مٹھی ڈاکٹر عمیر اشرف، جن کے پاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر کا اضافی چارج بھی ہے، نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے دیپلو موڑ سے سول اسپتال مٹھی کے مرکزی دروازے اور بس ٹرمینل تک قائم ناجائز تعمیرات کے خلاف کارروائی کی۔ اس دوران بغیر مالک کے موجود تھڑوں کو بھی ضبط کر لیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عمیر اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کے لیے باقاعدہ مہم شروع کر دی گئی ہے۔ بس ٹرمینل کے قریب سڑک پر بسیں اور دیگر گاڑیاں کھڑی کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی سمیت شہریوں کو متعدد مسائل کا سامنا تھا، جس کے پیش نظر یہ کارروائی شروع کی گئی ہے۔ ڈاکٹر عمیر اشرف نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ وہ اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں۔ سڑکوں پر رکھا گیا سامان ضبط کر لیا جائے گا۔



