اسحاق ڈار کا ایران،متحدہ عرب امارات،سعودی عرب سے تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایران، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے تجارت، عوامی سطح پر تبادلوں اور علاقائی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیروں سے ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح پر زور دیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ ایران کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی نے تہران روانگی سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے تجارت، روابط، عوامی سطح کے تبادلوں اور علاقائی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزیدوسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ میں تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہا ہے، نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر دونوں برادر ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ترجمان نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے اسلام آباد میں منعقدہ ریجنل انوائز کانفرنس کے موقع پر اسحاق ڈار سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



