بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،سی ٹی ڈی نے10دہشتگردہلاک کردیے

بارکھان (جانو ڈاٹ پی کے)بلوچستان کے ضلع بارکھان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اقدامات کیے گئے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر سرگرم ہیں۔حکام کے مطابق صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے۔



