ریکارڈ کھولا تو سب بے نقاب ہوں گے،سہیل آفریدی کے”فکسڈ میچ”بیان پر گنڈاپور کاسخت ردعمل

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے سابق صوبائی حکومت کے دور میں مارچ کو ’’فکسڈ میچ‘‘ قرار دینے کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس بھی بہت سی چیزوں کا ریکارڈ موجود ہے، جسے سامنے لایا گیا تو کئی لوگ بے نقاب ہوجائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی کی خاطر خاموش ہیں، تاہم اگر ریکارڈ سامنے لے آئے تو بعض افراد منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

انہوں نے سہیل آفریدی کے بیان کو بڑا الزام قرار دیتے ہوئے کہا کہ احسان فراموشی کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور دوسروں کو اتنا ہی کہنا چاہیے جتنا برداشت کرسکیں۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وہ اس طرح کی باتیں بالکل برداشت نہیں کریں گے اور انہیں ہر شخص کے بارے میں معلوم ہے۔ انہوں نے سہیل آفریدی کو مشورہ دیا کہ دوسروں پر توجہ دینے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں اور خود کچھ کرکے دکھائیں۔

واضح رہے کہ سہیل آفریدی کی جانب سے سابق صوبائی حکومت کے دور میں مارچ کو ’’فکسڈ میچ‘‘ قرار دینے کے بیان کے بعد پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button