پاکستانی سکول کرکٹ کا نیا اسٹار سامنے آگیا،ایڈم گلکرسٹ کی117رنز کی اننگز نے عالمی توجہ حاصل کرلی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی اسکول کرکٹ میں نوجوان وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ اپنی شاندار سنچری کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ سابق آسٹریلوی کرکٹ لیجنڈ ایڈم گلکرسٹ سے ملتے جلتے نام اور بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کے انداز نے بھی انہیں سوشل میڈیا پر مقبول بنا دیا ہے۔

ایڈم گلکرسٹ نے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکول کرکٹ چیمپئن شپ انڈر 17 میں کامران پبلک اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے ہیپی پیلس گرامر اسکول کراچی کے خلاف 108 گیندوں پر 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔اوپنر کی حیثیت سے بیٹنگ کرتے ہوئے ایڈم گلکرسٹ نے 145 منٹ کریز پر گزارے اور اپنی اننگز میں 11 چوکے لگائے۔ ان کے 117 رنز کی بدولت کامران پبلک اسکول نے مقررہ 40 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے اور مقابلہ 172 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔چیمپئن شپ میں یکم ستمبر 2009 اور اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔نوجوان کرکٹر کے نام کی کہانی بھی دلچسپ ہے۔ ان کی والدہ نے ان کا نام ایڈم رکھا، جبکہ کرکٹ سے محبت کے باعث ان کے والد نے نام کے ساتھ گلکرسٹ کا اضافہ کردیا۔ایڈم گلکرسٹ کا کہنا ہے کہ وہ سری لنکا کے سابق عظیم وکٹ کیپر بیٹر کمار سنگاکارا جیسا بننا چاہتے ہیں، جو ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں۔انہوں نے انڈر 15 اور انڈر 17 کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو بھی سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button