ٹرینیں منسوخ،گھنٹوں کی تاخیر اور حادثات،پاکستان ریلوے میں مسافروں کی مشکلات کم نہ ہوسکیں

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کی مشکلات برقرار ہیں، ٹرینوں کی منسوخی، کئی کئی گھنٹے تاخیر اور حادثات کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، جبکہ اعلیٰ حکام کے اچانک معائنوں کے باوجود صورت حال میں نمایاں بہتری نہیں آسکی۔

مسافروں کے مطابق بعض اوقات ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر انہیں ٹرین کی منسوخی کا علم ہوتا ہے، جس کے بعد انہیں دوسری ٹرین میں ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔ تاہم دوسری ٹرین میں پہلے سے سوار مسافروں کی جانب سے جگہ نہ دینے پر تلخ کلامی اور جھگڑوں کی شکایات بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔

ٹرینوں کی آمدورفت میں اوسطاً چار سے پانچ گھنٹے تاخیر ہوتی ہے، جبکہ بعض اوقات مسافروں کو 10 سے 15 گھنٹے تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اس صورت حال کے باعث مسافروں کے سفری شیڈول متاثر ہونے کے ساتھ انہیں ذہنی کوفت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے اور دیگر اعلیٰ افسران کی جانب سے اچانک معائنے کیے جانے کے باوجود مسافروں کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی نہیں آسکی۔

دوسری جانب ٹرینوں کے پٹری سے اترنے اور ایک ٹرین کے دوسری ٹرین سے ٹکرانے جیسے واقعات کے باعث ریلوے ٹریک پر آمدورفت کئی کئی گھنٹے معطل رہتی ہے۔ حادثات کے بعد نظام کی بحالی میں بھی تاخیر ہوتی ہے، جس کے باعث مسافر اسٹیشنوں یا راستے میں کھڑی ٹرینوں کے اندر پھنسے رہ جاتے ہیں۔ ایسے واقعات سے پاکستان ریلوے کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاور وین میں خرابی اور خستہ حال بوگیوں کو بھی بعض حادثات کی ممکنہ وجوہات میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے اعلیٰ حکام کو متعدد رپورٹس بھجوائے جانے کا ذکر کیا جاتا ہے، تاہم انکوائریوں کے باوجود غفلت کے ذمہ دار افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی شکایات برقرار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button