ہارورڈ یونیورسٹی کے خواب دکھا کر21لاکھ روپے کافراڈ،گولڈ میڈلسٹ طالبہ کی خودکشی،وزیراعظم کا نوٹس
پلاٹ فروخت کرکے 21 لاکھ ادا کیے، داخلہ، ویزا اور بینک اسٹیٹمنٹ مبینہ طور پر جعلی نکلے

امریکا میں تعلیم کا خواب، خاندان نے جمع پونجی داؤ پر لگا دی
اہلخانہ کے مطابق کنسلٹنٹ نے طالبہ کو امریکا بھجوانے کے لیے 70 لاکھ روپے طلب کیے تھے۔ بیٹی کے مستقبل کی خاطر والد نے اپنا پلاٹ فروخت کرکے 21 لاکھ روپے ادا کیے، جبکہ باقی رقم کا انتظام کرنے کے لیے والدہ کے زیورات بھی بینک میں رکھوائے گئے۔
طالبہ کے ماموں کے مطابق وہ غیر معمولی ذہین تھی اور اسکالرشپ پر یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرچکی تھی۔ اس کا خواب امریکا جاکر ہارورڈ یونیورسٹی میں فزکس کی تعلیم حاصل کرنا اور سائنس دان بننا تھا۔
اہلخانہ کا الزام ہے کہ ایجنٹ کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات کی جانچ پڑتال پر انکشاف ہوا کہ یونیورسٹی میں داخلے، ویزے اور بینک اسٹیٹمنٹ سمیت تمام دستاویزات مبینہ طور پر جعلی تھیں۔ اس انکشاف کے بعد طالبہ کے بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواب کو شدید دھچکا پہنچا۔
آخری پیغام میں والد کی فکر کا اظہار
طالبہ کے ماموں کے مطابق اس نے آخری پیغام میں اپنے ساتھ ہونے والے مبینہ فراڈ کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابو کو مت بتانا، وہ مر جائیں گے۔ اہلخانہ کے مطابق طالبہ اپنے والد کو اس صدمے سے بچانا چاہتی تھی۔
وزیراعظم کا نوٹس، ملزم کی گرفتاری کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے طالبہ کی خودکشی کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعظم نے آئی جی اسلام آباد کو مبینہ ملزم کو فوری طور پر حراست میں لینے کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



