اسلام آباد میں اجتماعات پر پابندی، خلاف ورزی کرنے والوں کو3سال قید ہوگی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں دفعہ 144 کے علاوہ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024 کے تحت بھی اجتماعات کی اجازت نہیں ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نافذ احکامات کی پابندی کریں اور ایسی سرگرمیوں میں شرکت سے گریز کریں جو قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہوں۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی قسم کے اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024 کی خلاف ورزی پر تین سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کا حصہ نہ بنیں اور شہر میں نافذ پابندیوں کا احترام کریں۔



