پاکستان اوربھارت کی جوڑی نے آئی ٹی ایف جونیئرٹینس کاڈبلزٹائٹل جیت لیا

جبوتی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کے محمد یحییٰ اور بھارت کے امرت واتس نے آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ٹور جونیئرز جے 30 جبوتی کے ڈبلز مقابلوں کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فائنل میں دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ اور سعودی عرب کی مشترکہ جوڑی کو شکست دی۔
فائنل میں پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں پر مشتمل جوڑی نے تھائی لینڈ کے ڈیوڈ ایوایو اور سعودی عرب کے احمد بہاء سروجی کے خلاف 6-2 اور 6-4 سے کامیابی حاصل کی اور چیمپئن شپ ٹرافی جیت لی۔
اس کامیابی کو بین الاقوامی کھیلوں میں باہمی تعاون، ٹیم ورک اور مثبت کھیل کے جذبے کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹینس جیسے کھیل نوجوان کھلاڑیوں کو مختلف ممالک کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کھیلنے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر عاصم الحق قریشی، سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور فیڈریشن کی انتظامیہ نے محمد یحییٰ کو ٹائٹل جیتنے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کھلاڑی کی عمدہ کارکردگی اور کھیل کے جذبے کو سراہتے ہوئے بین الاقوامی جونیئر ٹینس میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



