اسلام آباد31دسمبر تک پلاسٹک فری بنانے کا اعلان،طلال چودھری نے وزیراعظم سے کیا وعدہ پورا کرنے کا عزم ظاہر کر دیا

اسلام آباد میں پلاسٹک فری مہم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے وعدہ کیا ہے کہ سال کے اختتام تک وفاقی دارالحکومت کو پلاسٹک سے پاک بنا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کا فضلہ نہ صرف سیوریج سسٹم میں رکاوٹوں کا باعث بنتا ہے بلکہ ماحول اور ہوا کو بھی آلودہ کرتا ہے۔ پلاسٹک زمین میں شامل ہونے کے بعد کئی دہائیوں بلکہ صدیوں تک مکمل طور پر تلف نہیں ہوتا، جس سے قدرتی وسائل اور شہری ماحول کو نقصان پہنچتا ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پلاسٹک فری اسلام آباد مہم کا مقصد شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانا ہے۔ آنے والی نسلوں کے لیے آلودگی سے پاک ماحول چھوڑنا ضروری ہے تاکہ شہریوں کو صاف فضا میسر آ سکے۔
طلال چودھری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کو پلاسٹک سے پاک بنانے کے لیے مہم جاری رکھی جائے گی اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو مؤثر بنایا جائے گا۔



