سنجو سیمسن نے کوہلی اور یووراج کے ریکارڈز برابر کردیے،21گیندوں پر ففٹی کا کارنامہ

رانچی (جانو ڈاٹ پی کے)بھارتی وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں دو اہم ریکارڈز برابر کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا، انہوں نے تیز ترین نصف سنچری کے ریکارڈ میں ویرات کوہلی جبکہ 200 یا اس سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے نصف سنچریوں کے معاملے میں یووراج سنگھ کی برابری کی۔
سنجو سیمسن نے محض 21 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جس کے ساتھ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین ففٹی بنانے والے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے ہم پلہ ہوگئے۔
انہوں نے میچ میں 41 گیندوں پر 82 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ سیمسن نے 200 یا اس سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے پانچ نصف سنچریاں بنا کر یووراج سنگھ کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
اس فہرست میں سوریا کمار یادیو 13 اور ابھیشیک شرما 12 نصف سنچریوں کے ساتھ سیمسن سے آگے ہیں۔
سیمسن کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بھارت نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے، تاہم ویسٹ انڈیز نے شاندار تعاقب کرتے ہوئے ہدف حاصل کرلیا اور 6 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔ یوں سیمسن کی ریکارڈ ساز اننگز بھی بھارتی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔



