بدین:عوامی تحریک کی سانگی پھڑھو میں عوامی بیداری ریلی، نئے کینالز اور ڈیموں کی تعمیر کیخلاف احتجاج

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ/ پی کے)عوامی تحریک کی جانب سے اعلان کردہ عوامی بیداری مہم کے سلسلے میں عوامی تحریک سانگی پھڑھو کی جانب سے جھڈو ٹنڈوباگو روڈ سے عوامی بیداری ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مرکزی چوک پر پہنچ کر احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہوگئی ریلی اور عوامی بیداری مہم میں عوامی تحریک کے مرکزی رابطہ سیکریٹری لال جروار، ضلعی بدین کے صدر مہران درس، متل میمن ایڈووکیٹ اکبر میمن، امید علی رند، لکمّن کولہی، پرشوتم کولہی، ہیرا لال کولہی سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی اس موقع پر رہنماؤں اور کارکنوں نے سانگی پھڑھو شہر میں دکانداروں، ریڑھی بانوں اور ہوٹلوں پر موجود شہریوں میں عوامی بیداری مہم کے پمفلٹس تقسیم کیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہم کا پیغام اپنے گھروں اور دیہات تک پہنچائیں تاکہ سندھ کو درپیش مسائل اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کیا جاسکے مرکزی چوک پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے رہنماؤں نے سندھ کی تقسیم کی مبینہ سازش، دریائے سندھ پر مبینہ قبضے، جلال پور کینال سمیت نئے کینالز اور ڈیموں کی تعمیر کے خلاف شدید تحفظات کا اظہار کیا مقررین نے الزام عائد کیا کہ امریکہ جنوبی ایشیا میں اپنے مفادات کے تحفظ اور خطے میں اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے گوادر اور کراچی سے متعلق بھی مختلف خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے وسائل کو مبینہ طور پر غیر ملکی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں رہنماؤں نے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ سندھ کے وسائل کے تحفظ میں ناکام رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنی سرزمین، پانی اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے مقررین کا کہنا تھا کہ سندھ کی حفاظت اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے عوام متحد ہیں اور کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کی جائے گی جس سے سندھ کے مفادات متاثر ہوں۔



