میری گائیکی میں وطن سے محبت اور مٹی کی خوشبو نمایاں رہتی ہے، عارف لوہار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)بین الاقوامی شہرت یافتہ فوک سنگر عارف لوہار نے کہا ہے کہ میں 13 سال تک پی ٹی وی کے گیٹ کے باہر کھڑا رہا، مجھے کسی نے اندر جانے نہیں دیا۔ اتنے بڑے باپ کا بیٹا ہونے کے باوجود مشکلات کا سامنا رہا۔ اپنی میرٹ پر آگے بڑھتا رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی آمد پر نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

عارف لوہار نے کہا کہ آج کی نئی نسل کو بہت آسانیاں میسر ہیں۔ جب میں چائلڈ اسٹار تھا تو مشکلات کا سامنا کیا۔ چمٹا اور جگنی پوری دنیا میں میری شناخت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ، میری موسیقی اور روح پاکستانیت سے سرشار ہے، نئی نسل میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔

عارف لوہار نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کئی برس بعد کراچی آیا ہوں، بہت اچھا لگ رہا ہے، جب بھی کراچی آتا ہوں، دل خوش ہوجاتا ہے، کراچی کے دوستوں سے ملاقات ہوئی، برنس روڑ کی کھانے پسند ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عارف لوہار کا کہنا تھا کہ میرے 150 المبز ریلیز ہوچکے ہیں، میرے بچے شوقیہ گلوکار ہیں، لیکن مجھے امید ہے کہ یہ بھی پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ میری گائیکی میں وطن سے محبت اور مٹی کی خوشبو نمایاں رہتی ہے۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے عارف لوہار نے بتایا کہ بہت جلد پاکستانی فلموں کا دور واپس آ نے والا ہے۔ حکومت بھی سپورٹ کررہی ہے۔ایک مرتبہ پھر کنسرٹس کا زمانہ آگیا ہے۔ بیرون ملک بھی شاندار میوزیکل کنسرٹس ہورہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button