اے پی ایم ایس او کا 48واں یومِ تاسیس، میرپورخاص میں شاندار تقاریب، ریلیاں اور کیک کاٹنے کی تقریبات

میرپورخاص (شاھد میمن\جانوڈاٹ پی کے) اے پی ایم ایس او کا 48واں یومِ تاسیس ایم کیو ایم (پاکستان) ڈسٹرکٹ میرپورخاص کے زیرِ اہتمام روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، جس کے لیے ڈسٹرکٹ آفس میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں رکن سندھ تنظیمی کمیٹی شفیق احمد، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن، محمود عباسی سمیت اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی، تمام یوسیز کے ذمہ داران و کارکنان، اے پی ایم ایس او، ایلڈرز ونگ اور شعبہ خواتین کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر شہر بھر کو پارٹی پرچموں، برقی قمقموں اور تہنیتی بینرز سے سجا دیا گیا تھا۔ مختلف ریلیاں نکالی گئیں جن میں بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے بھرپور شرکت کی اور ڈسٹرکٹ آفس پہنچ کر فلک شگاف نعروں سے ماحول کو پرجوش بنا دیا۔
تقریب کے دوران اے پی ایم ایس او کے 48ویں یومِ تاسیس کا کیک کاٹا گیا اور کارکنان میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، جبکہ شرکاء نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن ایس ٹی سی شفیق احمد، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ 11 جون 1978 مظلوم طبقے کی سیاسی بیداری کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایس او متوسط طبقے کی قیادت کی نرسری ہے۔
مقررین نے تحریکی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں نے اس تحریک کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے اسلاف کی علمی اور سیاسی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جہاں میرٹ، تعلیم اور قابلیت کو خاندانی اور موروثی سیاست پر فوقیت حاصل ہو، اور ملک کو درپیش چیلنجز کا حل علم اور قلم کی طاقت سے نکالا جائے گا۔



