اوکاڑہ: آئی جی جیل خانہ جات کا اچانک دورہ، سیکیورٹی میں غفلت پراسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت عملہ معطل

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے)انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے چارج سنبھالنے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ کا پہلا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران سکیورٹی و انتظامی امور میں سنگین غفلت پائے جانے پر اسسٹنٹ سپرنڈنٹ جیل سمیت متعدد اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا
آئی جی جیل خانہ جات نے جیل کی بیرونی و اندرونی سیکیورٹی، ملاقاتی نظام، ہسپتال، کچن، گودام، چیف منسٹر لٹریسی و اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز،بیرکس اور انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔ملاقاتی نظام، ویٹنگ شیڈ اور قیدیوں کو فراہم کردہ سہولیات تسلی بخش پائی گئیں۔قیدیوں اورلواحقین نے بھی انتظامات پراطمینان کااظہار کیا۔
تاہم معائنے کے دوران بیرونی گیٹ پر سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی، لاک اپ/لاک آؤٹ کے دوران قیدیوں کی گنتی میں کوتاہی، نقل و حرکت پر غیر مؤثر نگرانی، تلاشی کے نظام میں غفلت، موبائل جیمنگ سسٹم کے متعدد یونٹس کا غیر فعال ہونا اور مالی ریکارڈ میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں ۔دورانِ معائنہ ایک قیدی کے قبضے سے300روپے نقدرقم بھی برآمد ہوئی۔
آئی جی جیل خانہ جات نے فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اسسٹنٹ سپرنڈنٹ جیل انچارج سنٹرل ٹاور، متعلقہ بیرک کے ذمہ دار عملےاورتلاشی پرماموروارڈرکو معطل کر دیا۔سپرنڈنٹ جیل اور ڈپٹی سپرنڈنٹ جیل کی سرزنش کرتے ہوئے ان سے تحری وضاحت طلب کر لی گئی آئی جی میاں سالک جلال نے واضح کیا کہ جیلوں میں سیکیورٹی، نظم و ضبط اور ایس او پیز پر عملدرآمد کسی صورت قابلِ سمجھوتہ نہیں۔ قیدیوں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ غفلت برتنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے تمام سپرنڈنٹس کو قیدیوں کی گنتی، تلاشی اور مالی نظم و نسق کی مؤثر نگرانی کی ہدایت کی۔



