ماتلی میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، چکن و گوشت فروشوں اور پٹرول پمپس پر جرمانے

ماتلی(رپورٹ: اے۔ایم۔گدی)میڈیا میں چکن فروشوں کی جانب سے سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر مرغی کا گوشت فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آنے کے بعد ماتلی انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایات پر اسسٹنٹ مختیارکار محمد اشرف رستمانی کی سربراہی میں ریونیو ٹیم نے مختلف چکن، گوشت اور سبزی فروشوں کی دکانوں اور ٹھیلوں کی چیکنگ کی۔

ریونیو ٹیم نے کارروائی کے دوران سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر جرمانے عائد کیے۔

اسی دوران زرداری روڈ پر قائم پٹرول پمپس کی بھی چیکنگ کی گئی، جہاں پٹرول کی قیمت اور پیمائش کا جائزہ لیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق پٹرول پمپس پر اوگرا کے مقررہ نرخوں کے مطابق پٹرول کی فروخت کی جانچ بھی کی گئی۔ مختلف دکانداروں اور پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

دوسری جانب محکمہ ریونیو اور میونسپل کمیٹی کی مشترکہ ٹیم نے ماتلی کے مختلف علاقوں میں سرکاری اور عوامی راستوں پر قائم تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی کی۔ ٹیم نے متعدد مقامات سے تجاوزات ہٹا کر راستے عوام کے لیے کھول دیے۔

ماتلی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے، گرانفروشی کی روک تھام اور عوامی راستوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button