زرعی زمین کے ریکارڈ میں مبینہ ردوبدل اور رشوت طلبی کا الزام، بزرگ شہری کا احتجاج، اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے)ٹنڈو باگو کے رہائشی نے مختیارکار ٹنڈو باگو اور محکمہ روینیو کے عملے پر مبینہ الزام لگايا ہے کے بھاری رشوت طلب کرنے اور زرعی زمین کے ریکارڈ میں مبینہ ردوبدل کی کوشش کے خلاف بدین پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تفصیلات کے مطابق ٹنڈو باگو کے قریب دیہہ ٹوری، تپو اڈوڑی کے رہائشی لونگ ولد جیون خاصخیلی نے بدین پریس کلب کے سامنے احتجاج کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے والد جیون ولد الہٰ بچایو خاصخیلی کے نام دیہہ ٹوری، تعلقہ ٹنڈو باگو میں زرعی زمین محکمہ ریونیو کے ریکارڈ میں درج ہے، جبکہ ٹی او فارم کی بنیاد پر مذکورہ زمین کی مدر انٹری بھی ریونیو ریکارڈ میں موجود اور برقرار ہے
متاثرہ شخص کے مطابق بورڈ آف ریونیو سندھ کے احکامات کے تحت ان کے دیہہ کا ریونیو ریکارڈ دوبارہ مرتب کرنے کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں اخبارات میں اشتہار شائع ہونے کے بعد ریکارڈ میں ان کے والد کے نام سے دو اندراجات سامنے آئیں، جن میں رقبے اور دیگر تفصیلات میں مبینہ فرق پایا گیا۔ اس پر انہوں نے مختیارکار ٹنڈو باگو کے دفتر میں تحریری اعتراض جمع کرایا لونگ خاصخیلی نے الزام عائد کیا کہ اعتراض جمع کرانے کے بعد پہلے ان سے رقم طلب کی گئی، تاہم بعدازاں سیاسی دباؤ اور مبینہ طور پر بھاری رشوت کے مطالبے کے باعث زمین کے اندراجات کسی دوسرے شخص کے نام منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ جب انہوں نے معاملے پر مختیارکار ٹنڈو باگو کو درخواست پیش کی تو وہ مبینہ طور پر برہم ہوگئے اور انہیں، جو عمر رسیدہ اور سفید ریش شخص ہیں، مبینہ طور پر نازیبا الفاظ کہنے کے بعد دفتر سے باہر نکال دیا گیا۔ ان کے بقول انہیں یہ دھمکی بھی دی گئی کہ ریونیو ریکارڈ محکمہ کے اختیار میں ہے اور آئندہ دفتر آنے پر ان کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ انہوں نے مبینہ زیادتی کے خلاف ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بدین ون اور اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو باگو کو بھی شکایات پیش کیں، تاہم تاحال انہیں کوئی داد رسی نہیں ملی لونگ خاصخیلی نے الزام عائد کیا کہ مختیارکار ٹنڈو باگو مبینہ طور پر متعلقہ سپروائزنگ تپیدار اور دیگر عملے سے ملی بھگت کرکے بھاری رقم کے عوض ان کے والد کے نام موجود زرعی زمین کا ریکارڈ دوبارہ مرتب کرنے کے عمل کی آڑ میں کسی دوسرے شخص کے نام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ کہہ کر معاملہ عدالت میں اپیل کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ریونیو ریکارڈ کو دوبارہ مرتب کرنے کے عمل میں بھی مبینہ بدعنوانی، غفلت، اقربا پروری یا غلط اندراجات کیے جائیں تو ریکارڈ کی دوبارہ تیاری پر وقت اور سرکاری وسائل خرچ کرنے کا کیا فائدہ ہوگا لونگ خاصخیلی نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سندھ، کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بدین ون کاشف رضا منگی اور ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی سے مطالبہ کیا کہ دیہہ ٹوری میں جاری ریونیو ریکارڈ کی دوبارہ تیاری کے عمل کا شفاف جائزہ لیا جائے اور مختیارکار ٹنڈو باگو و متعلقہ عملے کی جانب سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لیا جائے
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے والد کے نام موجود زمین کے تمام سابقہ ریونیو ریکارڈ اور مدر انٹری کی بنیاد پر اندراجات کی تصدیق کرکے انہیں دوبارہ ریکارڈ میں شامل کیا جائے۔ بصورت دیگر انہوں نے ڈی سی آفس بدین کے سامنے مرنے دم تک بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کیا۔



