آوارہ کتوں سے تنگ شہریوں کا انوکھا احتجاج، سرکاری دفتر میں کتے چھوڑ دیے

ناسک (جانو ڈاٹ پی کے) بھارت میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد سے تنگ شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف ایسا انوکھا احتجاج کیا کہ دیکھنے والے بھی حیران رہ گئے، مظاہرین نے سرکاری دفتر میں ہی کتے چھوڑ دیے۔

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناسک کے علاقے نپھاڑ میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے خلاف شہری احتجاج کرتے ہوئے نگر پنچایت کے چیف آفیسر دھیرج بھامرے کے دفتر پہنچ گئے۔اس موقع پر یوا سینا کے ضلعی سربراہ وکرم راندھوے نے ایک بوری کھولی اور اس میں موجود کتے نکال کر براہِ راست چیف آفیسر کی میز کے قریب چھوڑ دیے۔مظاہرین نے صرف کتے چھوڑنے پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ چیف آفیسر کو نوٹوں کی مالا پہنانے کی بھی کوشش کی، جس کے بعد دفتر میں صورتحال مزید غیر معمولی ہوگئی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد احتجاج کا یہ انوکھا انداز صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ نپھاڑ میں آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے بچوں، خواتین، بزرگوں اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات بھی معمول بنتے جا رہے ہیں۔

احتجاج کرنے والوں نے الزام عائد کیا کہ آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی، جس پر اپنی شکایت حکام تک پہنچانے کے لیے انہوں نے سرکاری دفتر میں ہی کتے لاکر چھوڑنے کا غیر معمولی طریقہ اختیار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button