خیبرپختونخوا مسجد حملہ، سعودی عرب نے پاکستان سے یکجہتی کا اعلان کردیا

ریاض/اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا میں مسجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے پر سعودی عرب نے شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں خیبرپختونخوا میں مسجد کو دہشت گرد حملے کا نشانہ بنانے کی مذمت کی گئی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے، شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے اور بے گناہ افراد کا خون بہانے کی تمام کارروائیوں کو مسترد کرتا ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ سعودی عرب ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور تشدد کے خلاف برادر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، خواہ ان کارروائیوں کے محرکات یا جواز کچھ بھی ہوں۔
سعودی وزارت خارجہ نے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ، حکومت اور عوام پاکستان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعا کا اظہار بھی کیا۔



