پانی مانگنے پر 50 سے زائد دیہاتیوں پر مقدمات، سسی پلیجو کا سخت ردعمل

ٹھٹھہ (رپورٹ: جاوید لطیف میمن)سابق صوبائی وزیر اور سینیٹر سسی پلیجو نے گھارو کے قریب یوسی پلیجانی کے مختلف دیہات میں جاری پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پینے کے پانی کی فراہمی کا مطالبہ کرنے والے 50 سے زائد دیہاتیوں کے خلاف مقدمات درج کیے جانے کی مذمت کی ہے۔

سسی پلیجو نے اپنے بیان میں کہا کہ یوسی پلیجانی کے مختلف دیہات میں کافی عرصے سے پانی کا بحران جاری ہے اور صورتحال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ دیہاتیوں کو پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی کے لیے دیہاتیوں نے احتجاج کیا تو مبینہ طور پر 50 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے، جو ان کے بقول قابلِ مذمت اقدام ہے۔

سینیٹر سسی پلیجو کا کہنا تھا کہ دیہاتیوں کو کے ڈی اے سے بھی پینے کا پانی بھرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس سے علاقے کے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ دستیاب پانی کی شفاف اور منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے، دیہاتیوں کے خلاف درج مقدمات فوری واپس لیے جائیں اور پانی کی فراہمی سے متعلق ان کے مطالبات حل کیے جائیں۔

سسی پلیجو نے مزید کہا کہ ضلع ٹھٹھہ میں جہاں بھی پانی کی قلت کا مسئلہ ہے، وہاں شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بنیادی ضرورت کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید خبریں

Back to top button