بھائی نے بھائی کو گردہ دے کر نئی زندگی دیدی،راولپنڈی میں پہلا کامیاب کڈنی ٹرانسپلانٹ

راولپنڈی(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (PKLI) راولپنڈی میں پہلا کامیاب گردہ ٹرانسپلانٹ کرلیا گیا، 32 سالہ قیس اصغر کو اس کے 26 سالہ حقیقی بھائی انس اصغر نے اپنا گردہ عطیہ کرکے نئی زندگی دے دی۔

اسلام آباد کے علاقے فراش ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے قیس اصغر کا کامیاب گردہ ٹرانسپلانٹ ڈاکٹر اسد بشیر، ڈاکٹر علی عابد نذر اور ڈاکٹر نصراللہ پر مشتمل طبی ٹیم نے کیا۔ ٹرانسپلانٹ کا عمل بغیر کسی پیچیدگی کے مکمل ہوا اور مریض اور ڈونر دونوں کی حالت تسلی بخش بتائی گئی ہے۔

دل کو چھو لینے والی بات یہ ہے کہ قیس اصغر اور ان کے بھائی انس اصغر دونوں بے روزگار ہیں، جبکہ ان کے والد پولیس کے ریٹائرڈ کانسٹیبل ہیں۔ خاندان کے مالی حالات کے پیش نظر پی کے ایل آئی کے مالی معاونت شعبے نے مریض کے علاج کے 100 فیصد اخراجات فراہم کیے۔

مالی معاونت کے لیے مریض کی اسکریننگ پی کے ایل آئی اینڈ آر سی کے مالی اسکریننگ ڈیپارٹمنٹ نے کی، جس کے بعد مستحق خاندان کو علاج کی مکمل سہولت فراہم کی گئی۔

پی کے ایل آئی راولپنڈی میں لیور ٹرانسپلانٹ کی کامیابیاں بھی

پی کے ایل آئی راولپنڈی میں اس سے قبل دو کامیاب لیور ٹرانسپلانٹ بھی کیے جاچکے ہیں۔ 25 اگست کو راجن پور کے ایک شہری کو اس کے بھانجے نے لیور عطیہ کیا، جبکہ 26 اگست کو کلرسیداں کے رہائشی مریض کو اس کی ہمشیرہ نے لیور ڈونیٹ کیا۔

دونوں لیور ٹرانسپلانٹ کامیاب رہے اور ٹرانسپلانٹ کرانے والے دونوں مریض صحت مند ہیں۔

یہ دونوں کامیاب لیور ٹرانسپلانٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار، ڈاکٹر احسان الحق اور ڈاکٹر بلال احمد خان نے کیے۔

پی کے ایل آئی راولپنڈی میں گردہ اور جگر کی پیوندکاری کے یہ کامیاب آپریشنز ٹرانسپلانٹ سروسز کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button