جوڑمیلہ یومیہ مفاد گروارجن دیو جی کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے سکھ یاتریوں کی گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد آمد

شیخوپورہ(عبدالمجید/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)جوڑمیلہ یومیہ مفاد گروارجن دیو جی کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے سکھ یاتریوں کی گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد آمد، مذہبی رسومات ادا، سکیورٹی کے سخت انتظامات جوڑ میلہ یومیہ مفاد گرو ارجن دیو جی کے سلسلے میں پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں نے گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد میں اپنی مذہبی رسومات عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کیں۔ اس موقع پر گوردوارہ سچا سودا میں مذہبی عبادات، دعائیہ تقریبات اور دیگر مذہبی رسومات کا انعقاد کیا گیا جہاں سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سکھ یاتریوں کی آمد کے پیش نظر ضلع انتظامیہ شیخوپورہ کی جانب سے فول پروف سکیورٹی اور بہترین انتظامات کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کی نگرانی میں پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک رہے تاکہ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
انتظامیہ کی جانب سے گوردوارہ کے اطراف صفائی ستھرائی، ٹریفک کی روانی، طبی سہولیات، پینے کے صاف پانی اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں بھی الرٹ رہیں۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کر رہی ہے اور سکھ یاتریوں کی حفاظت و سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ پرامن ماحول میں اپنی مذہبی عبادات ادا کر سکیں۔مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنی اگلی مذہبی تقریبات میں شرکت کریں گے۔



