محرم الحرام ایثار،صبر و تحمل اور قربانی کا مہینہ ہے،ڈویژنل کمشنر شہمیر بھٹو

میرپورخاص(شاھد میمن )ڈویژنل کمشنر شہمیر بھٹو نے کہا ہے کہ ماہ محرم الحرام ایثار،صبر و تحمل اور قربانی کا مہینہ ہے جو ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام ان کے اصحاب و انصار کی دین کی بقا کی خاطر عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کمیٹی ہال میں ماہ محرم الحرام کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی. اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سبھاش چندر ، میئر عبدالروف غوری، ڈپٹی کمشنر نواب سمیر حسین لغاری،سول سرجن سول ہسپتال ڈاکٹر ماجد خان، ایس ایس پی اسپیشل برانچ محمد حسن جسکانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر نہچل رائے،ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی اے محمد ابراہیم کنبھر، میونسپل کمشنر انیس الرحمان سیال، ڈپٹی کنٹرولر سول ڈفینس فھیم میمن ، ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈفینس خلیل اللہ خان، ڈائریکٹر سیکنڈری اسکولز محمد اقبال کنبھر، ڈائریکٹر پرائمری اسکولز محمد رمضان خاصخیلی، اراکین امن کمیٹی سید حمزہ علی نقوی، سید عمیر نقوی، ڈاکٹرثاقب کاظمی، سپرنٽينڊنٽ انجنيئر حیسکو امیر محمد میمن، ریسکیو 1122 کے انچارج رشید احمد ، پاک ٹیلی کمیونیکیشن کے ظہیر احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک، ایس ایس پی عمرکوٹ سہائی عزیز ٹالپر ، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی اور ایس ایس پی تھرپارکر نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی. اجلاس میں میئر عبدالروف غوری نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کی جانب سے جلوسوں کے گذر گاہوں کے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جہاں جہاں پینے کے پانی کی ضرورت ہوگی وہاں پینے کے پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر نہچل رائے نے بتایا کہ جلوسوں میں صحت کی ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلع اور تحصیل سطح پر کنٹرول روم اور فوکل پرسن مقرر کئے گئے ہیں اور ہسپتالوں میں ایمبولینس، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے سپرنٹنڈنٹ انجینیر حیسکو امیر محمد میمن نے کہا کہ حیسکو کی جانب سے منتظمین کی مجالس اور جلوسوں کے شیڈول کے تحت بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی. کمشنر میرپورخاص شہمیر بھٹو نے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں جلوسوں کے گذر گاہوں کا از خود معائنہ کریں اور درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام اداروں کے ساتھ باہمی تعاون، رابطہ کاری اور بہتر حکمت اختیار کی جائے تاکہ کسی بھی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے. انہوں نے محکمہ پولیس، صحت، حیسکو، بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی وہ اپنے اپنے اضلاع میں محرم الحرام کے سلسلے میں کانٹیجیسنی پلان ترتیب دیں اور اسی کے مطابق اپنی ذمہ داری سر انجام دی جائیں. اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر آف پولیس میرپورخاص رینج آفس کے نعیم احمد نے بتایا کہ عشرہ محرم الحرام میں ڈویژن بھر کے 162 امام بارگاہوں میں 728 مجالس، اور 1050 جلوس برآمد ہوں گے اس ضمن میں ڈویژن بھر میں 3089 پولیس اہلکار حفاظتی ڈیوٹی پر معمور ہوں گے اور تمام حفاظتی انتظامات کو ممکن بنایا جائے گا.

مزید خبریں

Back to top button