اینٹی پی پی پی الائنس سرگرم،’پنکی ڈان’ کے جیل ٹرائل کا سنسنی خیز فیصلہ!

کراچی(خصوصی رپورٹ:جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کی سیاست میں جیو پولیٹیکل دباؤ اور اندرونی جوڑ توڑ کے باعث بڑی تبدیلیاں رونما ہونے لگی ہیں۔
سینیئر صحافی امداد سومرو نے اپنے تازہ ترین ولاگ میں دو اہم ترین پیشرفت کا احاطہ کیا ہے۔ پہلی بڑی خبر پیپلز پارٹی کے گڑھ سندھ میں مراد علی شاہ حکومت کے خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (GDA)اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ایف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے مابین کراچی میں ہونے والی بیٹھک ہے۔28ویں آئینی ترمیم پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کے سخت تحفظات کے بعد، مقتدر حلقوں کی جانب سے اینٹی پی پی پی قوتوں کو صف بندی کا مبینہ اشارہ مل چکا ہے تاکہ مستقبل میں مراد علی شاہ حکومت کو ٹف ٹائم دیا جا سکے یا متبادل قیادت تیار کی جا سکے۔
دوسرا سنسنی خیز انکشاف کراچی میں منشیات کے بڑے نیٹ ورک کی مبینہ سرغنہ ‘پنکی ڈان’ (جسے صوبائی وزیرِ داخلہ ضیاء لنجار نے ‘ماضی کے ایم پی اے کی میڈم’ قرار دیا) کے حوالے سے ہے۔
سندھ حکومت نے سیشن جج کی اجازت سے پنکی ڈان کا اوپن کورٹ کے بجائے ‘جیل ٹرائل’ کرنے کا غیر معمولی فیصلہ کیا ہے۔ عام طور پر جیل ٹرائل عمران خان یا بشریٰ بی بی جیسے ہائی پروفائل قیدیوں کا سیکیورٹی خدشات پر کیا جاتا ہے۔




