حوثیوں کی جارحیت برداشت نہیں، سعودی عرب اپنے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا، فیصل بن فرحان

ماسکو(ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب اپنے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔
ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب حوثیوں کی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا جب بھی خود کو مشکل صورتحال میں پاتی ہے تو تشدد کا راستہ اختیار کرتی ہے، جبکہ اس گروہ نے اپنے لیے ایسا راستہ کھول لیا ہے جس کے نتائج اسے برداشت نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حوثی ملیشیا یمن میں اپنے اندرونی مسائل کا رخ سعودی عرب کی جانب موڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔
فیصل بن فرحان نے واضح کیا کہ یمن کی حکومت نے حوثیوں کو ذمہ داری کے ساتھ مذاکرات کا موقع فراہم کیا، تاہم یہ گروہ یمن اور اس کے عوام کے مفادات کے بجائے اپنے ذاتی اور محدود مفادات کو ترجیح دے رہا ہے۔
دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے سعودی عرب میں شہری اہداف پر حوثیوں کے حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ باب المندب میں سلامتی اور آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔



