سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے پر پی ٹی آئی کے سابق وزرا کے خلاف مقدمات درج

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں سرکاری گاڑیاں اور دیگر سامان واپس نہ کرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق صوبائی وزرا کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے وکیل بشیر وزیر کے مبینہ اغوا کا معاملہ بھی پشاور ہائیکورٹ میں اٹھا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر فخر جہاں اور سابق صوبائی وزیر ریاض خان کے خلاف سرکاری گاڑیاں اور سامان واپس نہ کرنے پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ حکام نے شفیع جان کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں، جبکہ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے ایک رکن صوبائی اسمبلی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیے جانے کی اطلاع ہے۔

ذرائع کے مطابق مقدمات بونیر اور باجوڑ میں درج کیے گئے ہیں۔ حکام کی جانب سے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزرا کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں اور دیگر سرکاری سامان کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ ایڈمنسٹریشن سے بھی رابطہ کیا گیا ہے تاکہ گاڑیوں کی مکمل تفصیلات حاصل کرکے مزید کارروائی کی جا سکے۔

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ کے سامنے سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے وکیل بشیر وزیر کے مبینہ اغوا کا معاملہ بھی عدالت میں اٹھایا گیا۔ انصاف لائرز فورم کے وکلا چیف جسٹس کی عدالت میں پیش ہوئے اور واقعے سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انعام یوسفزئی ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بشیر وزیر ایڈووکیٹ کو پشاور ہائیکورٹ کے سامنے سے اٹھایا گیا۔

چیف جسٹس نے وکیل کو ہدایت کی کہ واقعے سے متعلق باضابطہ درخواست دائر کرکے دوبارہ عدالت سے رجوع کیا جائے۔ انہوں نے درخواست میں عینی شاہدین کی تفصیلات بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔

اس پر وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ واقعے کے حوالے سے درخواست جمع کرا دی جائے گی۔ بشیر وزیر کے مبینہ اغوا کے معاملے پر مزید قانونی کارروائی باضابطہ درخواست دائر ہونے کے بعد آگے بڑھنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button