اسلام آباد میں شیشہ کیفے پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر کیفے سیل اور مقدمہ درج ہوگا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکمِ ثانی مکمل پابندی عائد کردی گئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پابندی کا اطلاق این او سی رکھنے والے شیشہ کیفے پر بھی ہوگا، جبکہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور دونوں مقامات پر شیشہ چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ شیشہ کیفے کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کی جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن یقینی بنائی جائے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی پر متعلقہ کیفے سیل کرنے کے ساتھ مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شیشہ کیفے کے حوالے سے جاری پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔



