بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان کو لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت ملنے کی تصدیق کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے جمعے کو بتایا کہ انہیں لاہور میں 27 نومبر کو منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔
بھارتی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بھگونت مان نے کہا کہ کانفرنس کے منتظمین نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی ہے اور ان کی میزبانی کی پیشکش بھی کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے مخصوص مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں بیرونِ ملک دوروں کے لیے درکار پابندیوں اور اجازت ناموں کا ذکر بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ عالمی پنجابی کانفرنس 27 نومبر کو لاہور میں ہو رہی ہے۔ منتظمین نے مجھے دعوت دی اور کہا کہ وہ میری میزبانی کریں گے۔ لیکن میں نے کہا کہ بھارتی حکومت مجھے فرانس اور جاپان جیسے ممالک جانے کی اجازت نہیں دیتی تو وہ مجھے پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟
بھگونت مان نے کہا کہ ہمارا کلچر ایک ہے، ہمارے شاعر اور باقی لوگ لاہور جائیں گے میں بھی جانا چاہتا ہوں۔
اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر نے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اجازت ملے تو ہمیں بھی ساتھ لے جائیں۔
جس پر وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہم سب کرتار پور جائیں۔



