ڈپٹی کمشنر بدین کی زیرِ صدارت اجلاس،طلبہ و اساتذہ کی حاضری اور جاری ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل کی ہدایت

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے)ڈپٹی کمشنر بدین زارا زاہد کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس بدین میں محکمہ تعلیم (پرائمری و سیکنڈری) اور ایگزیکٹو انجینئر ایجوکیشن ورکس کے متعلقہ افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، طلبہ کے داخلوں، بچوں اور اساتذہ کی حاضری، بنیادی سہولیات کی دستیابی اور اسکولوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (پرائمری) نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع بدین کے تعلیمی اداروں کی موجودہ صورتحال، طلبہ کے داخلوں، تدریسی عمل اور اسکولوں میں دستیاب سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر تعلیمی معیار میں بہتری، داخلوں میں اضافے اور اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا ڈپٹی کمشنر زارا زاہد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں میں طلبہ کی باقاعدہ حاضری یقینی بنانے، مسلسل غیر حاضر رہنے والے بچوں کی نشاندہی کرنے اور ان کے والدین سے رابطہ کرکے انہیں دوبارہ اسکولوں میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اساتذہ کی بروقت حاضری، تدریسی سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی اور تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اجلاس میں ایگزیکٹو انجینئر ایجوکیشن ورکس نے ضلع بدین میں اسکولوں کی تعمیر و مرمت اور جاری ترقیاتی اسکیموں سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سرکاری اسکولوں میں پینے کے صاف پانی، فعال بیت الخلاء، بجلی، فرنیچر اور عمارتوں کی ضروری مرمت سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سہولیات کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر نگرانی کی جائے، جبکہ اسکولوں میں بچوں کے داخلوں میں اضافے اور طلبہ و اساتذہ کی حاضری کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی ڈپٹی کمشنر زارا زاہد نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی، تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ باہمی رابطے، مؤثر نگرانی اور ذمہ دارانہ اقدامات کے ذریعے ضلع بدین میں تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔



